27 دسمبر 2013 - 20:30

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے آل خلیفہ کی جیلوں میں قید بچوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ابنا: لبنان کی العہد نیوز ایجینسی کی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے ایک بیان میں بحرین میں آل خلیفہ کے کارندوں کے ہاتھوں نوجوانوں اورکمسن بچوں کی گرفتاری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین میں 10 سالہ "جہاد السمیع" اور 13 سالہ "عبداللہ البحرانی" کو یکم دسمبر کو گرفتار کیا گیا ہے اور بحرین کی آل خلیفہ حکومت کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اس بیان میں آیا ہے کہ     "جہاد السمیع" اور "عبداللہ البحرانی" کو گرفتاری کے بعد شدید ترین ایذائیں بھی دی گئی ہیں اور آل خلیفہ کے کارندوں نے ان بحرینی بچوں اور ان جیسے دیگر نوجوان قیدیوں کو برقی آلات سے شکنجے بھی دیئے ہیں۔ ادھر بحرین میں امن تنظیم کے سربراہ فلاح ربیع نے کہا ہے کہ آل خلیفہ کی شاہی حکومت نے جو تشدد آمیز پالیسیاں اپنا رکھی ہیں ان میں خاص طور سے بچوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے اور یہ پالیسیاں عالمی معاہدوں اور قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ کو چاہیئے کہ وہ بچوں اور خواتین کے حقوق پامال کرنا بند کرے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق آل خلیفہ کی کال کوٹھریوں میں نوے سے زائد بچے قید ہیں۔ واضح رہے کہ آل خلیفہ نے سیکڑوں بچوں کو اسکولوں سے نکال کر انہیں تعلیم سے محروم کردیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پالیسیاں صہیونی ریاست کی پالیسیوں سے شباہت رکھتی ہیں۔

.......

/169